23/08/2026
انجمن اتحاد صادربرلین میں سولر انرجی اور لیاری میں بجلی کے مسائل پر آگاہی پروگرام
انجمن اتحاد صادربرلین میں کلائمنٹ ایکشن سینٹر کے زیرِ اہتمام سولر انرجی کے حصول اور اس کے آسان طریقوں کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں کراچی بالخصوص لیاری میں بجلی، لوڈشیڈنگ، اووربلنگ اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پروگرام میں کلائمنٹ ایکشن سینٹر کی نمائندہ میڈم فاطمہ اور ان کی ٹیم نے سولر انرجی کے فوائد، اس کے حصول کے طریقہ کار اور عوام کے لیے دستیاب آسان ذرائع کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر لیاری یکجہتی کونسل کے چیئرمین آصف شیخ نے لیاری کے اہم مسائل بالخصوص بجلی اور لوڈشیڈنگ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں حالیہ لوڈشیڈنگ ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری یکجہتی کونسل دیگر جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر لیاری کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اب مزید متحرک کردار ادا کرے گی۔
انجمن اتحاد صادربرلین کے صدر اور لیاری یکجہتی کونسل کے انفارمیشن سیکریٹری زوہیب فرید بلوچ نے کلائمنٹ ایکشن سینٹر کی ٹیم کی انجمن اتحاد صادربرلین آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے لیاری اور کراچی کے اہم مسئلے بجلی پر عوامی آگاہی کے لیے کام کرنے کو سراہا۔ انہوں نے لیاری میں اووربلنگ، میٹر ریڈنگ نہ ہونے اور بجلی کے بلوں سے متعلق عوامی شکایات پر تشویش کا اظہار کیا۔
زوہیب فرید بلوچ نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لیاری کے مختلف علاقوں میں حالیہ طویل لوڈشیڈنگ، جس میں بعض علاقوں میں 18 گھنٹے تک بجلی کی بندش کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے حکومتی حلقوں سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے مبینہ ناروا رویے اور عوام کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے کر جواب طلب کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
پروگرام میں انجمن اتحاد صادربرلین کے جنرل سیکریٹری ذیشان بلوچ نے لیاری میں بجلی کے مسئلے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کے الیکٹرک کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کے مسائل کے ذریعے عوام کو مسلسل پریشانی میں مبتلا کیا جا رہا ہے، جبکہ اقساط کے نظام کے باعث شہری مزید مشکلات میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں، میٹر ریڈنگ اور لوڈشیڈنگ کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور عوام کے ساتھ باعزت اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا جائے۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے سولر انرجی کو بجلی کے متبادل اور پائیدار ذریعے کے طور پر فروغ دینے، عوام میں آگاہی بڑھانے اور لیاری میں بجلی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
جاری کردہ:
شعبہ نشر و اشاعت
انجمن اتحاد صادربرلین