27/08/2026
*Important Announcement*
غورغشتی کرکٹ سے جڑے تمام افراد کیلئے ایک خوشخبری۔ آج مؤرخہ 26 اگست 2026 کو غورغشتی کرکٹ کلب کے قیام کے سلسلے میں ایک ابتدائی اجلاس منعقد کیا گیا۔ یہ اجلاس مین بازار غورغشتی میں بلال شاکر کی زیرِنگرانی منعقد ہوا، جس میں تمام مقامی کرکٹ کلبوں کے کپتانوں اور نائب کپتانوں نے شرکت کی۔ اس کلب کے قیام کا بنیادی مقصد غورغشتی کرکٹ کی واحد اور متحدہ نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔ غورغشتی کرکٹ کلب تمام پی سی بی (PCB) کے زیرِ اہتمام مقابلوں، غیر سرکاری ٹورنامنٹس اور اَوے سیریز میں غورغشتی کی نمائندگی کرے گا اور علاقے کے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر غورغشتی کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔
اجلاس کے دوران کلب کے قیام، تنظیمی ڈھانچے اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ باہمی مشاورت سے کلب کے پلیئنگ ممبران جو کہ جنرل باڈی کا حصہ ہونگے، کا انتخاب کیا گیا۔ مزید برآں، ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات کے لیےاتوار، 6 ستمبر 2026 کی تاریخ مقرر کی گئی۔ اس روز تمام جنرل باڈی ممبران کی موجودگی میں صدر، نائب صدر، سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری اور خزانچی کا انتخاب خفیہ
رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں غورغشتی کے تمام مقامی کرکٹ کلبز کی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں حافظ لیاقت، اسد خان، احمد زمان، بلال شاکر، رفیع احمد خان، سہیل احمد، ابرار احمد، ندیم اختر، حافظ حمزہ، عمران خان، شفاقت زمان، حسنین خان، محسن خان، میاں محبوب، اسحاق حاجی، عرفان کاکا، عتیق الرحمٰن اور دیگر معزز افراد شامل تھے۔
غورغشتی کرکٹ کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔ انتخابات میں کلب کی جنرل باڈی کے تمام اہل ممبران (رجسٹرڈ پلیئرز اسکواڈ) اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ انتخابی عمل مکمل طور پر سرِعام اور شفاف انداز میں اتوار، 6 ستمبر 2026 کو ہائی اسکول غورغشتی میں منعقد ہوگا۔
14/07/2026
غورغشتی یونائیٹڈ کلاسک نے یکم جولائی کو احمد زمان اور حسنین خان کی قیادت میں اپنی نئی سیریزوں کا آغاز کیا۔ یکم جولائی سے آج، 14 جولائی تک، کلب نے گرمی کی شدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے 15 اوورز پہ مشتمل مجموعی طور پر 5 میچز کھیلے، جن میں 3 میں شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اگر انفرادی کارکردگیوں کا جائزہ لیا جائے تو باؤلنگ میں ناصر علی سب سے نمایاں رہے، جنہوں نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ بیٹنگ میں خزیمہ نے صرف 3 اننگز میں 46 کی شاندار اوسط سے 139 رنز اسکور کیے، جن میں 2 نصف سنچریاں (62، 50) شامل ہیں۔
اسی طرح بلال شاکر نے 5 اننگز میں 57 کی اوسط سے 285 رنز بنائے، جن میں 3 نصف سنچریاں (69، 93، 87) شامل ہیں۔
اس کے علاوہ احمد زمان، مبین، حسنین خان، عالمگیر اور ناصر علی کی جانب سے بھی بہترین اننگز دیکھنے کو ملیں۔ خصوصاً احمد زمان کی جارحانہ نصف سنچری ( 12 بالز پہ 50) ان کے کرکٹ کیریئر کی یادگار اننگز میں شمار کی جائے گی۔
جولائی کے دوران ٹیم نے ایک سیریز 2-0 سے اپنے نام کی۔ اس کے علاوہ غورغشتی یونائیٹڈ کلاسک مزید دو سیریز کھیل رہی ہے، جن میں سے ایک سیریز 1-1 سے برابر ہے جبکہ دوسری میں ٹیم فی الحال 0-1 سے پیچھے ہے۔
ہم آئندہ میچز میں نیک تمناؤں کے ساتھ بہترین قیادت پر احمد زمان اور حسنین خان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
02/07/2026
جون 2026 کی شدید گرمی غورغشتی یونائیٹڈ رائزنگ کے لیے ملے جلے نتائج لے کر آئی۔ تاہم اس نوجوان ٹیم نے توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی اور اپنے عمدہ کھیل سے کئی مواقع پر سب کو متاثر کیا۔
مجموعی طور پر جون کے مہینے میں رائزنگ نے 8 میچز کھیلے، جن میں 4 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اگر انفرادی کارکردگیوں پر نظر ڈالی جائے تو خزیمہ نے شاندار 2 نصف سنچریاں، احمد زمان نے 2 کلینیکل نصف سنچریاں اور بلال نے 4 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ باؤلنگ میں وقار لیگی نے 12، مبین نے 10، خزیمہ نے 10، فیصل ملک نے 10، کپتان حافظ لیاقت نے 8 اور بلال نے 10 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹیم کی بہترین کارکردگی حالیہ میچ میں دیکھنے کو ملی، جہاں غورغشتی یونائیٹڈ رائزنگ نے 180 رنز کا ہدف صرف 12.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس یادگار فتح میں خزیمہ نے شاندار 75 اور بلال نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔
زیادہ تر انڈر 16 کھلاڑیوں پر مشتمل اس ٹیم کا 50 فیصد جیت کا تناسب حوصلہ افزا ہے، اور امید ہے کہ مستقبل میں یہ ٹیم مزید نکھر کر سامنے آئے گی۔
آخر میں VKCC کو ٹرائے سیریز کی شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
12/06/2026
آج ٹرائے سیریز کےکھیلے گئے پہلے میچ میں غورغشتی یونائیٹڈ رائزنگ نے رائلز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 112 رنز بنائے۔ رائلز کے کپتان ندیم اختر کی باؤلرز اور فیلڈرز پہ محنت آج خوب نکھر کر سامنے آئی اور انتہائی تیز اور مشکل کیچز کے علاوہ، عمدہ گراؤنڈ فیلڈنگ اور لا جواب لائن و لینتھ پہ باؤلنگ کرتے ہوئے جی یو کے بلے بازوں کو بے بس کردیا اور انکی ایک نہ چلنے دی۔ احمد زمان 40+ رنز کی اننگ کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔
لو اسکور کا دفاع کرتے ہوئے جی یو کے اسپنرز نے پہلے ہی اوور سے ڈامینیٹ کیا اور کپتان لیاقت زمان (سر جی) نے 2 شکار کیئے جبکہ بلال نے 3 اور فیصل ملک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسکے علاوہ وقار لیگی کے حصے میں ایک وکٹ آئی اور یوں 10 وکٹس اسپنرز کے نام کرتے ہوئے رائلز 65 رنز کے مجموعہ پہ آل آؤٹ ہو گئی۔
11/06/2026
کسی بھی کھیل میں اس کے ایکوئپمنٹ کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ اسی طرح کرکٹ میں بھی ایک اچھا بلّا بیٹسمین کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ بلّا نہ صرف اچھے معیار کا ہونا چاہیے بلکہ بیٹسمین کے ہاتھ، اندازِ کھیل اور ذاتی پسند کے مطابق بھی ہونا ضروری ہے۔
آپ کے خیال میں ایک اچھے بلّے کی کیا خصوصیات ہونی چاہئیں؟ کیا اس کی پنگ (Ping)، اسٹروک، ڈکبِل یا فُل پروفائل شیپ، وزن، بیلنس، گریِنز (Grains)، کوئی مخصوص برانڈ، یا کوئی اور چیز زیادہ اہمیت رکھتی ہے؟ اپنی رائے اور تجربات سے ضرور آگاہ کیجیے۔ شکریہ!
09/06/2026
وقت گزر جاتا ہے، یادیں رہ جاتی ہیں۔ یہ شاید غورغشتی کرکٹ کا وہ سنہری دور تھا جب ہارڈ بال کرکٹ اپنے عروج پہ تھی۔
09/06/2026
یہ سہ فریقی سیریز ہم اپنے غورغشتی لیجنڈز کے نام کرتے ہیں جنہوں نے غورغشتی میں ہارڈ بال کرکٹ متعارف کروائی اور اس کو چار چاند لگائے۔ ان میں ہاشم خان جی لالا، عزیزالرحمٰن جی لالا، سلطان افسر جی لالا، محمد نعیم، مجاہد اختر جی لالا، نہیم اختر، فدا، عارف کاکا، اور ان کے بعد آنے والے سینیئر پلیئرز صدیق دیقہ، لیاقت زمان اور اشتیاق خان مرحوم شامل ہیں۔
Brought to us by ندیم اختر Ghourghushti Royals
05/06/2026
آج غورغشتی یونائیٹڈ رائزنگ اور غورغشتی رائلز کے مابین کھیلے گئے میچ میں غورغشتی یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 170 رنز اسکور کیے۔ جابر صاحب نے 40 سے زائد رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ بلال نے 95 ناٹ آؤٹ کیئے۔
غورغشتی رائلز نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے خزیمہ اور مبین کے تباہ کن اوپننگ اسپیل کو کافی چیلنجنگ پایا، اور خزیمہ کے حصے میں تین جبکہ مبین کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ اس کے بعد رائلز نے عمدہ کم بیک کیا اور ارسلان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسکور کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوئی، مگر بدقسمتی سے وقار، خضر اور حماد کے بقیہ عمدہ اوورز اور فیلڈ میں بہترین کوششوں کی بدولت جیت غورغشتی یونائیٹڈ کے حصے میں آئی۔